صدر مملکت سے میکسیکو میں پاکستان کے نامزد سفیر تصور خان کی ملاقات ۔

417

 

اسلام آباد مئی 05 (اے پی پی): صدر مملکت  ممنون حسین نے کہا  ہے  پاکستان اور میکسیکو کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کے احیا پر توجہ دی جائے  تاکہ تعلقات میں مزید اضافہ ہو۔

صدر مملکت نے یہ بات میکسیکو میں پاکستان کے نامزد سفیر تصور خان سے  بات چیت کرتے ہوئے کہی  جنھوں نے آج ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور میکسیکو کے ساتھ چاول سمیت دیگر اجناس  اورفروٹ کی برآمدات میں اضافے کےلیے کام کیا جائے تاکہ  ملک کی برآمدات میں اضافہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ  تجارت کے فروغ سے نہ صرف آپس کے روابط میں اضافہ ہو گا بلکہ ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں میں اضافہ ہو گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ سفارت کار تعلیمی، ثقافتی اور تجارتی وفود کے تبادلے  کو ترجیح  دی جائے  کیونکہ ان شعبوں میں فروغ سے ملک ترقی کی جانب گامزن ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ میکسیکو  کی معیشت مضبوط ہے لہذا اس کے ساتھ تجارت ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔

صدر مملکت نے تصور خان کو میکسیکو میں پاکستان کی طرف سے سفیر تعینات ہونے پر مبارک باد دی اور اس توقع کا اظہا کیا کہ کہ وہ  میکسیکو  میں پاکستان کے مثبت پہلو کو اجاگر کرنے کے لیے وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اور وہاں کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کریں گے کیونکہ پاکستان اس وقت سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک ہے۔ اے پی پی حمزہ

وی این ایس اسلام آباد