صدر مملکت ممنون حسین کا انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب

567

اسلام آباد، مئی ۶۲(ا پ پ):صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مسائل کے چنگل سے نکل کر استحکام کے راستے پر گامزن ہونے کے لیے میثاق مدینہ کے اصولوں کو اپنانا ضروری ہے کیونکہ جدید ریاست کی تشکیل کے سلسلے میں یہی پہلی دستاویز ہے۔
صدر مملکت نے یہ بات جمعہ کو انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ادارے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام میثاق مدینہ کی روشنی میں پاکستانی معاشرے کی تشکیل نو کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد اور اسلامک انٹر نیشنل یونیورسٹی کے ریکٹر بھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے انتہا پسندی کے خلاف مختلف مکاتب فکر کے علما کے فتوے کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں یہ پہلا موقع ہے کہ علمائے کرام نے اس معاملے میں متفقہ مو¿قف اختیار کیا گیا ہے جو قابل تعریف ہے۔ انھوں نے اس امر پر اطمینان کااظہار کیا کہ گزشتہ صدی کے مختلف تجربات کے بعد میثاق مدینہ کی رہنمائی میں معاشرے کی تشکیل نو پر غور کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان کی حیثیت سے ہم پوری دنیا کے امن اور استحکام کے خواہشمند ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان نے اس سلسلے میں ہمیشہ پرجوش کردار ادا کیا اور وہ آئیندہ بھی ایسا ہی کرتا رہے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ انتہا پسندی کے خلاف جوابی بیانیہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ امن اور خوشحالی کو فروغ دیا جاسکے۔
انھوں نے کہا کہ انتہا پسندی کے حوالے سے پاکستان اور مسلمانوں کے بارے میں پایا جانے والا تاثر گمراہ گن ہے۔ اس طرح کے سیمینار غلط فہمیوں کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ میثاق مدینہ کا مقصد صرف مسلمانوں کے مفادات ہی کا تحفظ نہ تھا بلکہ یہ پوری انسانیت کے لیے باعث خیر و فلاح تھا۔یہی وجہ تھی کہ مسلمانوں کے علاوہ غیر مسلموں نے بھی اسے خوشدلی سے قبول کیا۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے محروموں کو بلا امتیاز ان کاحق عطا کیا اور پسے ہوئے طبقات کو ظلم سے نجات دلائی۔ انھوں نے کہا کہ بانیان پاکستان نے بھی ایک ایسے ہی ملک کا خواب دیکھا تھا جس میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔ ہماری کامیابی کا راستہ ہمارے ان ہی بزرگوں کے طے کردہ راستے میں ہے۔
ا پ پ حمزہ ا ن م

وی این ایس، اسلام آباد