مریم اورنگزیب نے آزادی ٹرین کا افتتاح کر دیا

355

اسلام آباد، اگست 12 (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ہفتہ کو اسلام آباد میں  آزادی ٹرین کا افتتاح کیا اور ٹرین کی مختلف گیلریز اور پاکستان کے مختلف حصوں کی ثقافت پہ بنے فلوٹس کا دورہ کیا۔

 

افتتاح کے موقع پر ایم ڈی کیرج فیکٹری محمد یوسف، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ عبدالملک سمیت درجنوں ریلوے حکام موجود تھے جبکہ تقریب میں غیر ملکی سیاحوں نے بھی شرکت کی۔

 

پاکستان ریلویز کی طرف سے70ویں یوم آزادی پرچلائی جانے والی آزادی ٹرین مارگلہ ریلوے اسٹیشن اسلام آباد سے اپنے سفر کا آغاز کر ے گی۔آزادی ٹرین چاروں صوبوں سے یہ سفر 25اگست کو کراچی کینٹ پہنچ کر مکمل کرے گی۔ اس سلسلے میں باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے ۔

 

آزادی ٹرین پانچ گیلریز اورچھ فلوٹس پرمشتمل ہے، پانچوں گیلریزآزادی کے حصول میں دی گئی قربانیوں کوظاہرکرتیں ہیں۔ آرمڈفورسزکی قربانیوں ، کشمیرمیں بھارتی جارحیت بھی گیلریز میں دکھائی گئی ہیں۔آزادی ٹرین کے چھ فلوٹس پنجاب، خیبرپختونخواہ، سندھ، بلوچستان ، گلگت بلتستان اورآزادکشمیرکی ثقافت کواجاگرکرتے ہیں۔

 

افتتاح کے موقع پر مریم اورنگزیب نے وزارت ریلوے کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ وزارت ریلوے اس قومی تقریب کو منانے میں ایک اہم کردار کر رہی ہے ۔یہ تیسری آزادی ٹرین ہے جو اسلام آباد کیرج فیکٹری میں تیار ہوئی ہے۔

 

اے پی پی/سدرہ/وی این ایس اسلام آباد