عالمی ادارہ صحت کی ریجنل کمیٹی کی اختتامی تقریب

40

اسلام آباد، اکتوبر ۱۲ (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت کی ریجنل کمیٹی برائے مشرقی بحیئرہ روم کی تین روزہ کانفرنس کی اختتامی تقریب جمعرات کو یہاں کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔
وفاقی وزیر برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے تقریب کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی ریجنل کمیٹی کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈا کا تدارک ہوا ہے اور اس کانفرنس کے ذریعے سے دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج کو اجاگر کرنے میں کافی مدد ملی ہے۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ یہ کانفرنس اس حوالے سے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس میں 21 ممالک کے وزراءصحت اور کانفرنس میں شریک ممالک کی اعلی قیادت نے شرکت کی ہے، ان میں سے 17افراد پہلی مرتبہ پاکستان آ ئے تھے، جنہوں نے پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کی تعریف کی ہے، کانفرنس میں موجود شرکاءکے پاکستان کے حوالے سے تاثرات تبدیل ہو چکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ریجنل کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے فراہم کردہ سہولیات کو اس خطے میں جو کہ جنوبی ایشیا میں پاکستان اور افغانستان سمیت مشرق وسطی اور شمالی افریقہ تک پھیلا ہوا ہے خوب سراہا جا رہا ہے ، پاکستان کو اس ریجنل کمیٹی کے اجلاس کی سربراہی کے لیئے منتخب کیا گیا تھا جو کہ ملک کے لیئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی علاقائی کمیٹی نے پاکستان کے وزیر اعظم قومی صحت پروگرام، پولیو تدارک کی کوششوں، معذور افراد کیلئے مددگار آلہ جات اور حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کو سراہا ہے۔
اے پی پی/سعدیہ ا ن م