یوم عاشور‘ حضرت امام حسین اور انکے ساتھیوں کی میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد

436

اسلام آباد ، اکتوبر ۱۰ (اے پی پی ): نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کیلئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں ’یوم عاشور‘ آج مذہبی عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے اور حق و باطل کے اس معرکے کی یاد میں ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروںمیں علم،شبیہہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں۔
راولپنڈی میں دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہوا راولپنڈی کے دیگر علاقوں سے نکلنے والے ماتمی جلوس بھی اسی جلوس میں شامل ہوں گے ۔ جلوس مقررہ راستوں بوہڑ بازار چوک، حبیب بینک چوک،ٹرنگ بازار سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ میںپہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے شرکاءفوراہ چوک پر پہنچ کر نماز ظہرین ادا کریں گے۔ امام بارگاہ اور مقررہ راستوں کے اطراف میں کنٹینرز لگا کر بند کئے گئے ہیں
راولپنڈی میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کیساتھ پاک فوج، رینجرز اور رضا کار بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں.عزاداروں کو مکمل جامعہ تلاشی کے بعد جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے۔جلوس کی خفیہ کیمروں سے نگرانی کے علاوہ فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی
مرکزی جلوس کے روٹ پر مختلف مقامات پر داخلی راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کیا جائے گا۔ جلوس کے راستوں اور شہر میں موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے
ذاکرین شہدائے کربلا کے مصائب بیان کر رہے ہیں اورعزاداران سینہ کوبی اور زنجیرزنی کرکےشہدائے کربلا کو نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
ُٓاے پی پی / سعیدہ