وزیر داخلہ احسن اقبال کا اسلام آباد کے مختلف تھانوں کا دورہ

316

 

اسلام آباد، نومبر30(اے پی پی): وزیر داخلہ احسن اقبال نے اسلام آباد کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کیا۔ وزیر داخلہ تھانہ رمنا ، تھانہ سیکریٹریٹ اور تھانہ کوہسار گئے۔ انہوں نے تھانوں کے رپورٹنگ روم کا جائزہ لیا اور روزنامچے چیک کیے۔

تھانوں کےرپورٹنگ روم  کے عملے نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ نے تھانوں میں موجود سائلین سے ملاقات کر کے انکے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

وزیر داخلہ نے  تھانہ رمنا کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام  کا جائزہ لیا اورتعمیراتی کام میں  سست روی پربرہمی کا اظہار کیا۔ انہوں  نے ہدایت جاری کی کہ عمارت کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائے۔ اور تھانے میں آنے والے ہر شہری کی فوری دادرسی کی جائے۔

وزیر داخلہ نے تھانہ سیکرٹریٹ میں ماڈل کمیونٹی سنٹر کی تعمیر میں تاخیر پر متعلقہ افسروں کی سرزنش بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ تمام تھانے ہنگامی بنیادوں پر کمیونٹی سنٹر کا قیام عمل میں لائیں۔

احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں۔

اسلام آباد کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے پولیس کو عوام  دوست ہونا پڑے گا۔

اے پی پی /صائمہ/فرح

وی این ایس اسلام آباد