پولینڈ کی سینٹ کے مارشل سٹینلا کارزپوسکی کی صدر مملکت سے ملاقات

316

اسلام آباد، نومبر 06 (اے پی پی ): صدر مملکت ممنون حسین نے پولینڈ کو توانائی ، زراعت اور فوڈ پوسیسنگ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی پیشکش کی ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے پارلیمنٹیرینز،تاجروں اور عوام کے درمیان روابط میں اضافہ باہمی تعاون اور تعلقات میں اضافے کا ذریعہ بنے گا ۔
صدر مملکت نے یہ بات پولینڈ کی سینٹ کے مارشل سٹینلا کارزپوسکی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے اپنے وفد کے ہمراہ پیر کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی،سینیٹر گیان چند، پاکستان میں پولینڈ کے سفیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وجود تھے۔
صدر مملکت نے مارشل سٹینلا کاخیر مقد م کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام انتہائی مہمان نواز اور پولینڈ کے بہترین دوست ہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ترقیاتی عمل میں پولینڈ کی شراکت قابل تعریف ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پارلیمانی وفود کا تبادلہ بہت مفید ہے کیونکہ اس کے ذریعے باہمی مسائل اور ایک دوسرے کی اہلیت کو سمجھ کر باہمی تعاون میں اضافے کے مواقع ملتے ہیں ۔
صدر مملکت نے یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے کے سلسلے میں تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت گنجائش سے بہت کم ہے جس میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے، اس سلسلے میں تاجروں کے وفود کے تبادلوں کو بڑھایاجائے ۔ انھوں نے تعلیم ، ثقافت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے وفود کے تبادلے کی تجویز بھی پیش کی۔
اس موقع پر پولینڈ کے مارشل آف سینیٹ نے کہا کہ پولینڈ پاکستان کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے ۔ انھوں نے پولینڈ کی سلامتی کونسل میں رکنیت کے سلسلے میں پاکستان کی حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا.

 

اے پی پی/احسن/ا ن م