وزیر داخلہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزابی کی ملاقات

25

اسلام آباد، دسمبر ۶( ا پ پ):متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزابی نے بدھ کووزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال سے ملاقات کی۔ملاقات میںپاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی اور سیکورٹی تعاون سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات اقتصادی تعاون کی بنیاد پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون باہمی روابط کو مضبوط کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے،
گزشتہ چار سالوں میں 10،000 میگا واٹ بجلی توانائی کے شعبہ میں شامل ہوئی ہے،رواں سال میں ہم 6% شرح نمو حاصل کرنے میں کامیا ب ہو جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی 80 ملین کی آبادی متوسط طبقہ پر مشتمل ہے جو سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز ہے،ہمارے مستقبل کا دارومدار آئندہ نسلوں کی علمی ترقی پر ہے،سی پیک مستقبل میں خطے میں باہمی رابطہ کا ذریعہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ روابط کو اقتصادی تعاون کی نئی جہتوں پر مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں ۔
ملاقات میںسیکورٹی تعاون کو مزید تقویت دینے کے لئے کوششیں کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے سی پیک اور اقتصادی امور کے حوالے سے وزیر داخلہ و منصوبہ بندی کی خدمات کو سراہا اور انکی تعریف کی۔
اے پی پی / صائمہ ا ن م