قائد کے کردار قوت اور افکار سے روشنی حاصل کرنے کی ضرورت ہے، مشاہد اللہ خان

766

اسلام آباد ، 25 دسمبر(اے پی پی):موسمیاتی تغیر کے وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدان سنیٹر مشاہداللہ خان نے قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور کے خطرات سے نمٹنے کے لئے پوری قوم کو قائداعظم کا کردار اپنے لئے مشعل راہ بناتے ہوئے ان کے افکار سے روشنی حاصل کرنی ہوگی۔انہوںنے کہا کہ سیاست دان اور حکمران دونوں کی حیثیت سے قائداعظم محمد علی جناح نے اپنے کردار سے ہماری رہنمائی کے لئے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں جن سے رہنمائی حاصل کرکے پاکستان کو اقوام عالم میں اس کا جائز مقام دلایا جاسکتاہے۔
سنیٹر مشاہداللہ پیر کو بابائے قوم کی یوم پیدائش کے سلسلہ میں لوک ورثہ میں منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ انہوںنے قائداعظم کی حیات سے ان کے کردار، عزم اور یقین کے حوالے دے کر کہا کہ آج بھی پاکستان کو اسی کردار کی ضرورت ہے جس کے اظہار کے ذریعے قائداعظم یہ ملک بنانے کے کٹھن کام میں کامیاب ہوئے تھے۔

تقریب کے بعد میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت، جوہری طاقت اور آگے بڑھنے کی لگن بہت سی طاقتوں کو گوارا نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ اسرائیل مسلمانوںکا دشمن ہے اور ہرمسلم ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لئے ہر ممکن سازش کرتا ہے۔ اسرائیل کو پاکستان کی ترقی اور نیوکلیئر پاور ہوناایک آنکھ نہیں بھاتا ہے۔پاکستان کے خلاف سازش کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیشہ تنگ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔اسرائیل کی اس سازش میں کچھ اور بھی ممالک شامل ہےں۔اس سب کا مقابلہ کرنے کے لیے تما م مکاتب فکر کو قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔قائد اور اس کے ساتھیوں کے عظیم قربانیوں کے ساتھ ساتھ علامہ اقبال کے خوابوں کو سامنے رکھ کر ہمیں آگے بڑھنا ہو گا۔
اے پی پی، احسان/وی این ایس اسلام آباد