پرنس کریم آغا کی صدرِ مملکت ممنون حسین سے ملاقات

301

اسلام آباد ، دسمبر 8 (اے پی پی ): صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پرنس کریم آغا خان عالمی امن و استحکام ،رواداری اور برداشت کے علاوہ پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر حصوں میں انسانیت کی بھلائی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز پرنس کریم آغا خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اپنی اہلیہ پرنسس زہرا آغاخان ااور وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔پرنس کریم آغا ایوان صدر پہنچے تو صدر مملکت نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر انہیں گارڈ آنر بھی دیا گیا۔ملاقات میں وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، سیکریٹری خارجہ تہمینہ درانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آغا خان فاو¿نڈیشن ملک کے مختلف حصوں میں تعلیم، صحت اور دیہی ترقی کے لیے قابل تعریف خدمات انجام دے رہی ہے، انہوں نے پرنس کریم آغا خان کی توجہ مبذول کرائی نہ ان کی فاو¿نڈیشن سندھ اور شمالی علاقہ جات کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں ترقیاتی عمل میں ہاتھ بٹائے جس سے معزز مہمان نے اتفاق کیا۔صدر مملکت نے 2005ءکے زلزلے میں آغا خان فاو¿نڈیشن کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ ان کے دادا سر سلطان محمد خان بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے انتہائی قریبی ساتھی تھے جنھوں نے تحریک آزادی میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔
پرنس کریم آغا خان نے پاکستان میں اپنے پرتپاک خیر مقدم پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ گرم جوش مہمان نواز ی پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے صدر مملکت کو پاکستان میں آغا خان فاو¿نڈیشن کے مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ان کا ادارہ پاکستان میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے ایک جامع منصوبہ رکھتا ہے۔ اس سلسلے میں آغا خان میڈیکل یونیورسٹی کو ایک مکمل یونیورسٹی میں تبدیل کردیا جائے گا جس میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مزید علوم کے شعبے قائم کیے جائیں گے۔ پرنس کریم آغا خان نے بتایا کہ وہ پاکستان میں سیکنڈری ایجوکیشن کے معیار کی بلندی کے لیے بھی ایک جامع منصوبہ رکھتا ہے۔
اے پی پی / برلاس ا ن م/وی این ایس، اسلام آباد