صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران قومی پیداوار میں شاندار اضافہ ہوا ہے

230

اسلام آباد، جنوری 11(اے پی پی):صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران قومی پیداوار میں شاندار اضافہ ہوا ہے جس سے معیشت بہتر ہوئی۔ پالیسیوں میں تسلسل کے ذریعے قومی  آمدنی اور ترقی کی رفتار میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے یہ بات راولپنڈی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے چیمبر کے صدر زاہد لطیف خان کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایوان صدر اور وزارت تجارت کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ قومی معیشت کے استحکام کے لیے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ موجودہ حکومت اسی حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ صنعت وتجارت اور معاشی شعبے پر اس کے اثرات مثبت ہو ں گے۔  انھوں نے ٹیکس کی شرح میں کمی کے فیصلے کو معیشت کی بہتر ی کے لیے مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ چار برس کے دوران قومی ترقی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جو قابل اطمینان ہے۔  بد عنوانی میں کمی ہوئی ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ انھوں نے وفد کو بتایا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو چکا ہے ، لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا جا چکا ہے جس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی بھی کی جائے گی۔ انھوں نے توانائی کی پیداوار کے سلسلے میں ایل این جی کی درآمد پر بھی اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مسائل  پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ محض ذاتی اور سیاسی اختلاف کی وجہ سے ترقیاتی عمل سے اختلاف  اور کامیابیوں کا انکار نا مناسب ہے۔ معاشرے کے مختلف طبقوں کو اس کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے تاکہ ملک میں ترقی کی  رفتار تیز ہو سکے۔  انھوں نے کہا کہ پاکستان کا کاروباری طبقہ قومی معیشت کے ستون کی حیثیت رکھتا ہے،  حکومت صنعت وتجارت کے فروغ کے لیے اس شعبے کے تمام مسائل کے حل میں پوری طرح سنجیدہ ہے،  انھوں نے کہا کہ اس حکمت عملی کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

اے پی پی /حمزہ/فرح/وی این ایس اسلام آباد