ورلڈ ہاکی الیون اور پاکستان جونیئرز کے مابین دوسرا میچ تین تین گول سے برابر، دومیچوں پر مشتمل سیریز ورلڈالیون اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ۔

321

لاہور۔21جنوری(اے پی پی )ورلڈ ہاکی الیون اور پاکستان جونیئرز کے مابین دوسرا میچ تین تین گول سے برابر رہا تاہم دو میچوں
پر مشتمل ورلڈ الیون سیریز 1-0سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ، نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے دوسرے میچ میں
پاکستان کی جانب سے رضوان علی، عدیل لطیف اور نوید عالم نے ایک ایک گول کیا جبکہ ورلڈ الیون کی جانب سے کپتان
راڈرک نے دو اور ناہیول سیلس نے ایک گول سکور کیا۔پاکستان ٹیم کے عدیل لطیف کومیچ کا بہتری کھلاڑی قراردیا گیا۔ ورلڈ
الیون نے کراچی میں کھیلے جا نے والے پہلے میچ میں پانچ ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔ گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں
کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی ریاض حسین پیرزادہ
تھے جن کا میچ سے قبل دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔ میچ دیکھنے کے لئے چھ ہزار تماشائی گراؤنڈ میں موجود تھی
جنہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو خوب داد دی ۔ میچ میں کھیل کا آغاز برق رفتاری سے ہوا ۔ پہلے کوارٹر میں پاکستانی
کھلاڑی بہتر تال میل سے کھیلے تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔ دوسرے کوارٹر میں بھی قومی جونیئر ٹیم نے بہتر
کھیل پیش کیا اور چار پینلٹی کارنر حاصل کرنے میں کامیاب رہے مگر گول نہ کر سکے۔ اس دوران کم از کم دو یقینی گول
کرنے کے مواقع بھی ضائع کئے۔ تاہم ورلڈ الیون کیجانب سے میچ کے اٹھائیسویں منٹ میں کپتان راڈرک نے فیلڈگول کرتے ہوئے
اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔ میچ کے ہاٖ ف ٹائم پر ورلڈ الیون کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔ہاف کے بعد میچ
شروع ہوا تو ورلڈ الیون کے تجربہ کار کھلاڑیوں نے قدرے بہتر مووز بناتے ہوئے اٹیک کئے۔ چھتیسویں منٹ میں ورلڈ الیون
کے ناہیول سیلس نے دوسرا گول کرتے ہوئے برتری دو صفر کر دی۔تاہم ایک منٹ بعد ہی پاکستان کی جانب سے رضوان علی
نے پینلٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے میچ ایک کا سکور ایک دو کر دیا۔ گول کے بعد پاکستانی کھلاڑی زیادہ جوش سے کھیلتے
دکھائی دئے اور عدیل لطیف نے فیلڈگول کرتے ہوئے میچ دو دو گول سے برابر کر دیا۔ چوتھاکوارٹر شروع ہوا تو دونوں ٹیموں
کی جانب سے کھیل میں تیزی آ گئی ۔ اکیاونویں منٹ میں ورلڈالیون کو میچ کا پہلا پینلٹی کارنر حاصل کیا تاہم اس پر گول نہ ہو
سکا۔ اگلے ہی منٹ میں ورلڈالیون کو دوسرا پینلٹی کارنر ملا جس پر کپتان راڈرک نے اپنا دوسرا گول کرتے ہوئے ٹیم کو تین دو
سے برتری دلا دی۔ چھ منٹ بعد ہی پاکستان ٹیم نے جوابی حملہ کیا اورنوید عالم نے انفرادی کوشش پر فیلڈگول کرتے ہوئے میچ
تین تین گول سے برابر کر دیا اور اسے سکور پر میچ ختم ہو گیا۔ میچ کے اختتام پر ورلڈ الیوں نے تماشائیوں کی طرف ہاتھ
لہرائے اور سٹیڈیم میں موجود تمام تماشائیوں نے کھڑے ہو کر تالیاں بجاتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب تقسیم انعامات میں
فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے کے علاوہ ہال آف فیم میں شامل لیجنڈری کھلاڑیوں پال لٹجنڈ اور بوو ولینڈر کو تین تین تین ہزار ڈالر
انعامی رقم دی گئی۔ ورلڈ الیون کی جانب سے کپتان راڈرک کو میچ کا انرجیٹک کھلاڑی جبکہ پاکستان کے عدیل لطیف کو میچ کا
بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔