ملک میں باسکٹ-بال کو پرموٹ کرنے کے لیے پنجاب سٹیڈیم میں کشمیر کپ ٹورنامنٹ کا آغاز

349

لاہور 21فروری (اے پی پی) ملک میں باسکٹ-بال کو پرموٹ کرنے کے لیے پنجاب سٹیڈیم لاہور میں کشمیر کپ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا. ٹورنامنٹ میں لاہور بھر کی تمام بڑی جامعات، کالجز، سکول اور کلبز کی 26 ٹیموں نے حصہ لیا جن میں 18 مردوں جبکہ 8 عورتوں کی ٹیمیں شامل ہیں. افتتاحی میچ میں پنجاب کالج نے کیتھیڈرل سکول کو 19 کے مقابلے میں 29 گول سے ہرا دیا. 21 سے 25 فروری تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں روزانہ چار میچز کھیلے جایئں گے جس میں انڈر 19، 20 اور 21 کی ٹیمیں شامل ہیں .  ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ایونٹ ہوتے رہیں تو پریکٹس کے ساتھ ساتھ گراس روٹ لیول سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی. ان کا مزید کہنا تھا کہ فیڈریشن کو چاہیے کے ملک میں باسکٹ-بال کی ترقی کے لیے غیر ملکی سطح پر بھی ایونٹ کا انتظام کریں تاکہ انٹرنیشنل لیول پر کھیل کر کھلاڑی تجربہ حاصل کر سکیں اور ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں. شہریوں کی بڑی تعداد نے پنجاب حکومت کے بہترین انتظامات اور زبردست میچز کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹ تفریح کا بہترین ذریعہ ہیں