نظم و نسق، میرٹ پر سختی سے عمل درآمد کرنے اور شفافیت کے اصول و ضوابط پر عمل درآمد بہتر نظام حکومت کی کلید ہے۔ صدر مملکت

314

اسلام آباد، فروری13(اے پی پی): صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ نظم و نسق، میرٹ پر سختی سے عمل درآمد کرنے اور شفافیت کے اصول و ضوابط پر عمل درآمد بہتر نظام حکومت کی کلید ہے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے طریقہ کار نے اسے ملک کا قابل اعتماد ادارہ بنادیا ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے یہ بات فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین نوید اکرم چیمہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی اور کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے 2016ء پیش کی۔

صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں اورخواتین کا سول سروس میں بڑی تعداد میں آنا خوش آئند ہے جس کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے اور تعلیمی معیار میں اضافہ کرکے قومی سروسز میں ملک کے ہر علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع ملنے چاہیں۔ صدر مملکت نے پیشہ ورانہ تعلیم کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی سول سروسز میں آمد پر مسرّت کا اظہار کیا اور کہا کہ مختلف شعبوں کے ماہرین کی اس شعبے میں آمد سے انتظامیہ کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ صدر ممنون حسین نے خواہش مند امیدواروں تک فوری، آسان اور کم خرچ رسائی کے سلسلے میں آن لائن سسٹم کے قیام کو سراہا اوراس توقع کا اظہار کیا کہ وفاقی پبلک سروس کمیشن چیئرمین نوید اکرم چیمہ کی سربراہی میں اپنے مقاصد کے حصول اور سول سروس کی اصلاحات کے حوالے سے کامیابیوں کا سفر جاری رکھے گا۔

اے پی پی/حمزہ/فرح/وی این ایس اسلام آباد