اے پی پی میں یوم آزادی شجرکاری ،لگائے گئے پودوں کی حفاظت کا عزم

6

اسلام آباد10 اگست (اے پی پی): قومی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے سربراہ مسعود احمد ملک نے شجرکاری کو یوم آزادی سے منسلک کرنے کے رجحان کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ درخت لگانا نہ صرف ہمارے ماحول اور زندگی کی بنیادی ضرورت ہے بلکہ یہ ایک ایسی نیکی ہے جس کا پھل دنیا وآخرت دونوں میں ملتاہے۔

یہ بات انہوں نے خیبرمارگلہ ایسوسی ایشن کے تعاﺅن سے یہاں اے پی پی کے مرکزی دفتر میں یوم آزادی کی مناسبت سے شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اے پی پی کے ایگزیکٹیو ڈائرکٹراخترمنیر، ڈائریکٹرنیوز اکرم ملک، ڈائریکٹر ویڈیونیوز سروس قمراللہ چودھری، انچارج اردو سروس حنیف صابر،منیجرایڈمن رانا رفیق، اسائنمنٹ ایڈیٹر وی این ایس حمزہ ملک، چیف کیمرہ مین ساجد حمیداور دیگرافسروں اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر منیجنگ ڈائرکٹر اے پی پی مسعود احمد ملک نے کہا کہ اس وقت ملک سنگین ماحولیاتی بحران کی زد میں ہے جس کے نتائج تباہ کن ہوسکتے ہیں لیکن اگر ہرپاکستانی درخت لگانے کا قومی اور مذہبی فریضہ اداءکرنے میں عملی کردار اداءکرے تو نہ صرف اس ملک کو سرسبزوشاداب بنایا جا سکتاہے بلکہ ماحولیاتی بحران سے بھی بچا جاسکتاہے۔

اس موقع پر اے پی پی کی تمام اعلیٰ قیادت نے اپنے ہاتھ سے پودے لگائے، انہیں پانی دیا، ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعاءکی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ نہ صرف پودے لگائیں گے بلکہ ان پودوں کی نشوونما اور حفاظت کا بھی پورا انتظام کریں گے۔موقع پر موجود لوگوں نے خیبرمارگلہ ایسوسی ایشن کی طرف سے پودوں کی فراہمی اور شجرکاری مہم میں دیگر اداروں کے ساتھ تعاﺅن کو فروغ دینے کے عمل کی تعریف کی گئی۔

اے پی پی ، احسان/ریحانہ

وی این ایس اسلام آباد