وزیراعظم عمران خان کی فاٹا سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز کے وفد سے گفتگو

6

اسلام آباد ۔ 12 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا کے انضمام کے عمل کی تکمیل اور قبائلی علاقہ جات میں ملک کے دیگر علاقوں کی طرح سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت قبائلی علاقوں میں لوکل گورنمنٹ کے نفاذ کو جلد از جلد ممکن بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے یہ بات فاٹا سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ وفد میں سینٹر سید شبلی فراز، سینیٹر ہدایت اللہ، سینیٹر ہلال الرحمان، سینیٹر اورنگزیب، سینیٹر تاج محمد، سینیٹر سجاد حسین، سینیٹر حاجی مومن خان اور سینیٹر مرزا محمد آفریدی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران قبائلی علاقوں کی مجموعی صورتحال، فاٹا انضمام، انتظامی امور اور دیگر ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انضمام کے عمل کی تکمیل اور قبائلی علاقہ جات میں ملک کے دیگر علاقوں کی طرح سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات میں لوکل گورنمنٹ کے نفاذ سے عوام کو صحیح معنوں میں بااختیار بنانے ترقیاتی عمل کو یقینی بنانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی، حکومت کی کوشش ہے کہ قبائلی علاقوں میں لوکل گورنمنٹ کے نفاذ کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے۔

 

 

 

 

اے پی پی /ظہیر