وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت کی بریفنگ کے تناظر میں اجلاس

4

اسلام آباد ۔ 12 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت کی بریفنگ کے تناظر میں جمعہ کو وزیراعظم آفس میں اجلاس کی صدارت کی جس کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور محنت کشوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری، ذرائع ابلاغ سے متعلق وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی، وزیراعظم کے سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین نادرا، سٹیٹ بینک آف پاکستان، ایف آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ترسیلات زر بھیجنے اور پاکستان میں ان کی قانونی جائیدادوں پر ان کا قبضہ برقرار رکھنے کے معاملے سمیت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں جو کہ بیرون ملک محنت کی کمائی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ان کے مسائل تیزی سے حل کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ اور وہ ترسیلات زر کے ذریعے مالی صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ قانونی چینلز کے ذریعے ترسیلات زر بھیجنے کو آسان بنانے کے لئے فوری طریقہ کار وضع کریں۔

 

 

 

 

 

 

اے پی پی /ظہیر