اقبال جیسی عظیم شخصیت مسلم خود مختاری اور انسانی مساوات کی دائمی علامت ہے:قائد ایوان سینیٹر شبلی

32

اسلام آباد نومبر 9(اے پی پی ):سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے شہر اقبال فورم کی جانب سے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شخصیت پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقبال جیسی عظیم شخصیت مسلم خود مختاری اور انسانی مساوات کی دائمی علامت ہے کیونکہ انہوں نے طاقتوروں کے معاشی اور سیاسی استحصال کے خلاف سب سے بلند اور موثر آواز بلند کی ۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرقی روایات سے سجے پس منظر سے تعلق رکھنے کے ساتھ ساتھ اقبال نے قانون اور فلسفے کے شعبوں میں دنیا بھر سے وسیع علم حاصل کیا ، بعد میں اسی علم میں اپنے علم و حکمت اور خداداد اظہار بیان کی صلاحیت کو استعمال کرتے ہوئے پوری قوم کو خود مختاری اور آزادی کی جانب مائل کیا ۔ نہ صرف اپنے الفاظ کے مدبرانہ چناؤ کے ذریعے بلکہ اپنی فلسفیانہ سوچ اور اسلامی معاشرے کی ازسر نو ترویج کے تصورات کی بنا ء پر انہوں نے غیر منصفانہ سامراجی طاقت کے خلاف سامراج مخالف جذبہ پیدا کیا ۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اس اہم ترین فلسفے نے ’’د وقومی نظریے‘‘کو بنیاد یں فراہم کیں جس کی وجہ سے آج پاکستان قائم و دائم ہے ۔ اقبال کے اسلامی فلسفے اور مسلم خود مختاری کے تصوارت کو حقیقی معنوں میں سمجھنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ وہ کسی صورت گمراہ کن نہیں ۔ ان کا ادب مسلمانوں میں فکر پیدا کرنے کا باعث ہے اور کسی قسم کی انتہا پسندی کو ہوا نہیں دینا ۔ نہ ہی ان کے نظریات کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اقبال نے اپنی پوری زندگی ہمہ وقت عدم مساوات ، امتیاز اور ظلم کی ہر شکل کی مخالفت کی ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ انہیں صرف ایک عظم مفکر کے طور پر ہی یاد نہیں کرتی بلکہ وہ فلسفے اور ادب کا قیمتی مظہر بھی سمجھے جاتے ہیں ۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اقبال کی بصیرت اور دور اندیشی ہمہ گیر نوعیت کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ قوم کیلئے باعث فخر ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پربھی قابل تحسین ہیں ۔

انہوں کہا کہ ہمیں بحیثیت مسلمان اپنی ذاتی زندگیوں میں اور ایک عالمگیر معاشرے کے رکن کی حیثیت سے اجتماعی طور پر ان کے افکار کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اقبال جیسی ہستی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وہ حکمت اور حوصلہ عطا فرمائے جس کے ذریعے ہم اپنی نسلوں کو اقبال کے خوبصورت فلسفے کے مطابق تعلیم دیں سکیں ۔
قائد ایوان سینیٹ نے’’شہر اقبال فورم‘‘کو ’’شاعر مشرق‘‘، ’’مفکر پاکستان‘‘اور ’’حکیم الامت‘‘حضرت علامہ محمد اقبال پر اس سیمینار کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ فلسفہ اقبال کی اصل روح کو اُجاگر کرنے کی غرض سے تقریبات منعقد کرنے کیلئے اس فورم کی مسلسل کوششیں قابل تحسین ہیں۔ سینیٹ میں قائد ایوان نے کہا کہ ہمیں اقبال کے فلسفے اور افکار میں چھپی عظیم اور دائمی حکمت کو ازسر نو تروتازہ اور قائم رکھنے کیلئے ایسی تقریبات کو ہر صورت منعقد کرنے کی ضرورت ہے ۔

اے پی پی /سحر