انچاسویں قومی اتھلیٹکس چیمپیئن شپ کی تمام تیاریاں مکمل اور چیمپیئن جمعہ کو شروع ہو گی، میجر جنرل ( ر ) محمد اکرم ساہی

78

اسلام آباد، 15 نومبر ( اے پی پی):  پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے زیراہتمام انچاس ویں قومی اتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے اور چیمپیئن شپ جمعہ سے  جناح سٹیڈیم میں شروع ہو گی،  پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ( ر ) محمد اکرم ساہی نے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل  محمد ظفر اور  اسلام آباد اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر  برگیڈیئر (ریٹائرڈ) سلطان محمود ستی کے ہمراہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے میڈیا سنٹر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نےکہا کہ   چیمپئن شپ میں ملک بھر سے چودہ مرد اور خواتین کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی، پاکستان ریلوے، ہائرایجوکیشن کمیشن ، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، فاٹا اور گلگت بلتستان شامل ہیں، ایونٹ میں شریک مردوخواتین ایتھلیٹس ہائی جمپ، ٹرپل جمپ، لانگ جمپ، ہیمر تھرو، جیولین تھرو، شارٹ پٹ، ڈسکس تھرو ، میرا تھن، پاک والٹ، 20 کلو میٹر  ریس، 100 میٹر دوڑ ، 200 میٹر دوڑ، 400 میٹر دوڑ، 800 میٹر دوڑ، 15 سو میٹر دوڑ اور 5 ہزار میٹر دوڑ، 4X100 میٹر ریلے، 4X400 میٹر ریلے، 100 رکاوٹوں کی دوڑ، 110 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ اور 400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔  چیمپیئن شپ میں مردوں کے 23 اور خواتین  کے21 ایونٹس منعقد ہونگے، خواتین میراتھن ریس میں حصہ   نہیں لیں گی، چیمپئن شپ 18 نومبر تک جاری رہے گی،انہوں نےکہا کہ کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو اچھے سے اچھا پلیٹ فارم مہیا کیا جائےگا، وزیر اعظم کے خصوصی معاون  نعیم الحق چیمپیئن شپ کی اختتامی  تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے،انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی  کے لئے کیش پرائز رکھے گئے ہیں اور چیمپیئن شپ کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو   سائوتھ ایشین گیمز کے لئے  تربیتی کیمپ میں شامل کیا جائےگا، سائوتھ ایشین گیمز میں آئندہ برس مارچ میں کھٹمنڈو نیپال میں کھیلی جائے گی جبکہ ایشین اتھلیٹکس چیمپیئن شپ اپریل میں دوہا،  قطر میں  کھیلی جائے گی، انہوں نےکہا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائےگا تاکہ ایونٹس میں کھلاڑی اچھا  پرفارم کرکے ملک کا نام روشن کریں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نےکہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ملک بھر ٹورنامنٹ کا آغاز کر رہے ہیں اورفیڈریشن گراس روٹ سطح پر  اتھلیٹکس کی بہتری کے لئے سکولوں کے بچوں کو مواقع فراہم کر رہی ہے اور ان بچوں کو بین الاقوامی ایونٹس پر  بھیجا جائےگا۔ایک اور سوال کے جواب میں اکرم ساہی نے کہاکہ حکومت کی طرف سے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کو سالانہ 35 لاکھ گرانٹ ملتی ہے جبکہ ایک چیمپئن شپ  پر  40 سے 50 لاکھ روپے کا خرچہ آتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ میں بہترین یونٹ کیٹیگری متعارف کروا رہے ہیں۔بہترین  کوچ اور بہترین  اتھلیٹ کا اعلان بھی کیا جائےگا، انہوں نےکہا کہ ایشین گیمز  میں سب نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں ہیں، اتھلیٹس کی کارکردگی میں تسلسل کے ساتھ بہتری آرہی ہیں۔ایشین گیمز میں ارشد ندیم  نے  27 سال بعدکانسی کا تمغہ حاصل کیا ،اس سے قبل  90ء  میں ایک میڈل آیا تھا۔ انہوں نےکہا کہ کھلاڑیوں میں بہت  ٹیلنٹ  موجود ہے، انکو ابھارنے اور  ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، بین الاقوامی معیار بہت اوپر جارہا ہے۔

اے پی پی/ احسن