پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر نے ژوہائی ائیر شومیں شاندار فضائی مظاہرہ سے تماشائیوں پر سحر طاری کر دیا

46

اسلام آباد، 08نومبر (اے پی پی ):پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر نے ژوہائی ائیر شو کے تیسرے روز مختلف ممالک کی ایئر فورسز اور فضائی صنعت کے وفود کی موجودگی میں شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ فضائی مظاہرہ کے ماہر ونگ کمانڈر ذیشان بریار نے کچھ غیر معمولی کرتب دکھائے جن میں muscle climb, inverted flight, thunder turn, اور Slow speed pass شامل تھے ۔’ فخر قوم’ جے ایف 17تھنڈر پندرہ منٹ تک دلکش کارکردگی دکھا کر سینکڑوں تماشائیوں کی تالیوں کی گونج میں اپنا مشہور زمانہ الوداعی مظاہرہ vertical rolls کر تے ہوئے ژوہائی کی فضاؤں میں اوجھل ہو گیا۔ مظاہرے کے بعد جب طیارہ واپس آیا تو متحیر شائقین نے تالیاں بجا کراسکی شاندار پرفارمنس پر داد دی ۔ فضائی مظاہرے میں حصہ لینے والے طیارے کے علاوہ ایک JF-17 طیارہ تمام ہتھیاروں سے لیس، زمین پر موجود شائقین، مختلف ممالک سے آئے خریداروں اور فضائی صنعت کے ماہرین کے لئے مرکز نگاہ بنا رہا۔

پاک فضائیہ کا دستہ 6سے 11نومبر 2018تک ژوہائی چائنہ میں منعقدہ 12th China International Aviation & Aerospace Exhibition میں شریک ہے۔ پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس اور چین کی مشترکہ کاوش سے تیار کردہ JF-17تھنڈرطیارہ اپنے ہم عصر جنگی جہازوں میں اپنی جدید ساخت اور ہمہ جہت خوبیوں کی وجہ سے ایک نمایاں حیثیت کا حامل ہے۔
حمزہ رحمٰن
اے پی پی وی این ایس