وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

34

لاہور۔06دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت جا ری  کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا  کہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو از سرنو تشکیل دے کر فعال کیا جا ئے ، کمیٹیوں میں سول سوسائٹی کے نمائندے اور منتخب نمائندے بھی شامل ہوں گے، جبکہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جاؤں گا ذخیرہ اندوزوں یا منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھیجی جائے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔وزیر اعلیٰ نے ہدایات جاری کیں کہ   ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں، ریٹ لسٹ دکانوں پر نمایاں طور پر آویزاں کی جائےمصنوعی مہنگائی کے نام پر عوام کو لوٹنے والو ں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں صوبائی وزریر خزانہ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریز خوراک، صنعت، لائیوسٹاک،زراعت، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن، اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اے پی پی /وی این ایس لاہور