ووٹر کا شعور ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہے: عمران اسماعیل

27

کراچی، 7 دسمبر (اے پی پی): گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ووٹر کا شعور ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہے ،ووٹ ڈالنا ایک فریضہ ہے، ووٹ ڈالنے کے لئے مڈل کلاس کا شعور قابل ستائش ہے، جمہوریت کو پروان چڑھا نے کے لئے ووٹ ڈالنا بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوگورنر ہاؤس کراچی میں ووٹ کے قومی دن 7دسمبر کے حوالے ” میرا ووٹ ۔ میری پہچان”کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر یوسف خٹک، الیکشن کمیشن ممبر سندھ عبدالغفاراور دیگر بھی موجود تھے۔

گونر سندھ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دینا احسن اقدام ہے۔2018کے انتخابات کو منظم انداز میں شفاف طریقے سے کرانے پر الیکشن کمیشن کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ کو مزید مربوط کرنے کی ضرورت ہے ۔صوبائی الیکشن کمشنریوسف خٹک نے  کہا ہے کہ ووٹر ز کا قومی دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے میرا ووٹ میری پہچان میرا ووٹ میری طاقت کے عنوان سے ووٹر ڈے منایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے ذریعے خواتین کا کردار بھی مسلمہ ہے ،گورنر سندھ کی تقریب میں شرکت ووٹ کی اہمیت اجاگر کرتی ہے۔

اے پی پی/کراچی/حامد بلال

وی این ایس کراچی