پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ملا جلا رجحان ، 100 انڈیکس میں 45.30 پوائنٹس کی کمی

267

اسلام آباد ، دسمبر 21(اے پی پی):پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو کاروبار میں ملا جلا رجحان دیکھاگیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس45.30 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ38,191.22 پوائنٹس پر بند ہوا۔

بازار حصص میں آج کاروبار کا آغاز 38 ہزار 236 پوائنٹس سے ہوا اس کے بعد کچھ دیر کے لیے کاروبار میں استحکام ہوا لیکن اس کے کچھ دیر بعد ہی 385 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی جس کے باعث 100 انڈیکس 37 ہزار 851 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔ ایک بار پھر انڈیکس میں کچھ بہتری آئی اور انڈیکس 38 ہزار 244 کی سطح پر پہنچ گیا لیکن ایک بار پھر انڈیکس 250 اور پھر 370پوائنٹس تک کی کمی کا شکار ہو گیا۔ کاروبار کے اختتام سے کچھ پہلے مارکیٹ میں عارضی استحکام دیکھا گیا لیکن اختتام سے کچھ پہلے ایک بار پھر مندی کا رجحان غالب آگیا اور ہنڈرڈ انڈیکس کا اختتام 45.30 پوائنٹس کی کمی پر ہوا۔

آج کے ایس ای 30 انڈیکس 65.82  پوائنٹس کی کمی کے ساتھ18,019.05 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 77.12 پوائنٹس کے اضافے سے 28,366.11 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں آج 13کروڑ 03 لاکھ سے زائد شیئرزکا کاروبار 06 ارب 71کروڑ روپے سے زائد میں ہوا جبکہ کاروبار کے لحاظ سے کے الیکٹرک، پاک الیکٹرون اور اینگرو پولیمر سرفہرست رہے۔

اے پی پی / سعیدہ /حامد بلال

وی این ایس اسلام آباد