پاکستان اور برطانیہ کے مابین خوشگوار تعلقات موجود،مزید بہتر کرناچاہتے ہیں:وزیر اطلاعات

34

لندن،  06 دسمبر  ) اے پی پی): وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین خوشگوار تعلقات موجود ہیں،ان تعلقات کو مزید بہتر کرنا چاہتے ہیں۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ کے دورہ کے دوران اراکین برطانوی پارلیمان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر اطلاعات نے برطانوی اراکین پارلیمان کو پاکستان تحریک انصاف حکومت کے سماجی اور معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے متعلق آگاہ کیا جبکہ ملک میں قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ برطانیہ منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے۔ حکومت عوام کو غربت سے نجات دلانا چاہتی ہے۔

چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر کے تنازعہ کو  مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔پاکستان کی جانب سےکرتار پور راہداری کا آغاز ایک اہم اور مثبت اقدام ہے،بھارت سے بھی ایسے ہی مثبت رویے کی توقع کرتے ہیں۔

اے پی پی /ناہید/حامد بلال