کرپشن کیخلاف تمام معاشرے کو ایک ادارے میں تبدیل ہونا ہو گا:گورنر پنجاب

40

لاہور۔6 دسمبر(اے پی پی )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحال‘ آئین کی بالادستی‘ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کرپشن کی بیخ کنی سے ممکن ہے‘ موجودہ حکومت کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے‘ چاہے کوئی شخص کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو اس کا جس جماعت سے بھی تعلق ہو”احتساب سب کیلئے“ وزیر اعظم کا مشن ہے۔ جب تک ملک میں طاقتور اور کمزور دونوں کیلئے قانون برابر نہیں ہو گا‘ قانون کی حکمرانی یقینی نہیں بنائی جاسکتی ۔

عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا  کہناتھا  کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی جماعت کی تشکیل سے ہی کرپشن کیخلاف آواز بلند کی‘کرپشن ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا المیہ ہے جس کے تدارک کیلئے کوششوں کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے‘ انہوں نے کہا کہ نیب کے کرپشن کیخلاف آگاہی  کے ساتھ ساتھ اس کے تدارک کیلئے اقدامات لائق تحسین ہیں‘ تاہم کرپشن کیخلاف تمام معاشرے کو ایک ادارے میں تبدیل ہونا ہو گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ تاریخ نے ان لوگوں کا نام یاد رکھا جنہوں نے عہدے، دولت اور طاقت سے انصاف کیا اور انسانیت کی خدمت کی‘ کرپشن کو ختم کرکے ہم وہ پاکستان بنانے میں ضرور کامیاب ہونگے جس کا خواب قائد اعظمؒ اور علامہ محمد اقبالؒ نے دیکھا تھا ‘ گورنر پنجاب نے نیب کے زیر اہتمام کرپشن کیخلاف آگاہی مہم کے دوران مختلف سکولوں اور کالجز کے طلباءکے درمیان ہونیوالے مضمون نویسی، تقریری مقابلوں‘ ڈراموں کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری‘ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

اے پی پی /وی این ایس لاہور