بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن تنازعہ کے باعث پاکستان ورلڈ ٹیم چیمپین شپ میں شرکت سے محروم

394

اسلام آباد، 11 دسمبر ( اے پی پی):  ورلڈ ٹیم چیمپین شپ میں شرکت کا معاملہ بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی کی انا  کی بھینٹ چڑھ گیا، پلیئرز تنازعہ کے باعث ایسوسی ایشن نے پاکستان کے ٹاپ کیوئسٹ بابر مسیح اور محمد آصف کو ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپین شپ میں شرکت سے روک دیا۔بابر مسیح اور محمد آصف نے ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنا تھا ، کنٹریکٹ پر دستخط نہ کرنے پر قومی ہیروز کو جانے سے روکا گیا، قومی کیوئسٹ نے میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے آج مصر روانہ ہونا تھا۔انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ورلڈ 6 ریڈ اینڈ ٹیم سنوکر چیمپپن شپ 13دسمبر سے مصر میں کھیلی جانی ہے، بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن نے دونوں پلیئرز کے ٹکٹ بھی کینسل کروا دئیے۔

صدر پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن منور حسین شاہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ایسوسی ایشن  ٹورنامنٹ سے شرکت سے قبل  کھلاڑیوں سے نئے کنٹریکٹ پر دستخط چاہتی تھی جس پر  دونوں کھلاڑیوں نے انکار کر دیا۔ نئے کنٹریکٹ میں ایسا کچھ نیا نہیں تھا جس پر بابر مسیح اور آصف کو اعتراض ہونا چاہیے۔ دونوں کی عدم موجودگی سے پاکستان کو شرمندگی کا سامنا ہوگا۔

دوسری جانب ٹاپ کیوئسٹ بابر مسیح نے اے پی پی سے  بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کنٹریکٹ 31 دسمبر تک موجود ہے، ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت سے قبل نئے کنٹریکٹ پر دستخط کرنے کی منتطق سمجھ سے بالاتر ہے۔

اے پی پی /احسن/نیوز ڈیسک

وی این ایس اسلام آباد