سی پیک کے تحت گوادر سے شروع ہونے والی خوشحالی سے بلوچستان کے حالات مثبت سمت کی طرف جائیں گے: صادق سنجرانی

287

اسلام آباد، 11 دسمبر (اے پی پی): قائمقام صدر محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت گوادر سے شروع ہونے والی خوشحالی سے بلوچستان کے حالات مثبت سمت کی طرف جائیں گے اور بہتر مستقبل کےلئے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایوان صدر میں لورالائی سے دورہ پر آئے ہوئے اساتذہ اور طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قائمقام صدر نے کہا کہ طلباءہماری قوم کا مستقبل ہیں اور یہ ایک حقیقت ہے کہ آج کے یہ طلباءکل انہی راہداریوں میں پاکستان کے لیڈر کے طور پر نظر آئیں گے۔ محمد صادق سنجرانی نے اساتذہ و طلباءسے خطاب میں کہا کہ محنت اور لگن کے بغیر ہم توقعات پر پورا نہیں اترسکتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیلنجز پر پورا اترنے کےلئے بھرپور محنت سے کام کریں اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ قائمقام صدر نے لورالائی بلوچستان کے اساتذہ اور طلباءسے کہا کہ میرے لئے یہ موقع اس لحاظ سے بھی ایک خاص اہمیت کا حامل ہے کہ آپ اس صوبہ سے تشریف لائے ہیں جس سے میرا بھی تعلق ہے۔

انہوں نے اساتذہ اور طلباءکو یقین دلایا کہ وہ بحیثیت چیئرمین سینیٹ اپنی مخلصانہ جدوجہد جاری رکھیں گے جس سے صوبہ بلوچستان کی نوجوان نسل کےلئے تعلیم کے میدان میں زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں اور انہیں ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کئے جاسکیں ۔ قائمقام صدر نے لورالائی کے اساتذہ اور طلباءکا ایوان صدر آمد پر شکریہ بھی ادا کیا۔

 

اے پی پی /عمار برلاس /شاہ زیب

وی این ایس اسلام آباد