صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کا انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پرمنقدہ تقریب سے خطاب

249

اسلام آباد ۔09 دسمبر(اے پی پی)صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ بدعنوانی پرقابو پائے بغیر پاکستان ترقی کے منازل طے نہیں کرسکتا، پاکستان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے، مشرقی پاکستان کی علیحدگی میں استحصال سے زیادہ کرپشن کا ہاتھ تھا۔ وہ اتوار کو یہاں ایوان صدر میں انسدادبدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پرمنقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔صدر مملکت نے کہاکہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے طویل جدوجہد میں ان کا بھی کرداررہاہے، میں سمجھتا ہوں کہ مشرقی پاکستان کی علیحدگی میں استحصال سے زیادہ کرپشن کا ہاتھ تھا، جب مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بنا تو ہمارے چورہمارے اوران کے چوران کے ساتھ رہے۔ صدرمملکت نے کہاکہ بدعنوانی پاکستان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، طویل عرصہ تک لوگوں میں کرپشن کے حوالے سے حساسیت پیدانہیں ہورہی تھی، مجھے خوشی ہے کہ کرپشن کے خاتمے کی طویل جدوجہد میں میرا بھی ایک کرداررہا ہے۔صدر نے کہاکہ بدعنوانی تھی، ہے اورمستقبل میں بھی ہوگی ، حکومت اورادارے کرپشن کم کرسکتے ہیں لیکن اس پر مکمل طورپرقابوپانا بہت مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خداخوفی اوراحساس ذمہ داری ایسی خصوصیات ہیں جو کرپشن کے خاتمے میں کلیدی کرداراداکرسکتے ہیں، خداخوفی اوراحساس ذمہ داری اگر صحیح معنوں میں ہوں تو کسی قانون اورعدالت کی ضرورت نہیں رہتی۔ صدر نے کہاکہ حکومت اورحکمران کوسچا اورامانت دارہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہاکہ اگر قانون ہوں اوراس پرعمل درآمد نہ ہو تو اس قانون کی حیثیت کاغذ کے ٹکڑے کے سوا کچھ نہیں ہوتی۔

اے پی پی / سہیل

وی این ایس اسلام آباد