طلباء مستقبل کے لیڈر ، اپنی تمام تر توجہ تعلیم کے حصول پر مرکوز رکھنی چاہیئے: صادق سنجرانی

272

اسلام آباد، دسمبر 28 (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی  نے کہا ہے کہ طلباء مستقبل کے لیڈر ہیں اور انہیں اپنی تمام تر توجہ تعلیم کے حصول پر مرکوز کرنی چاہیے تاکہ صوبے کی ترقی اور ملک کی خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا جا سکے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی  کا  گورنمنٹ ڈگری کالج دالبندین، ضلع چاغی کے طلباء اور اساتذہ پر مشتمل ساٹھ رکنی وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہنا  تھا کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں نصابی سرگرمیوں سمیت کھیلوں کے فروغ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں گورنمنٹ ڈگری کالج دالبندین کے طلباء کے لئے لیپ ٹاپ فراہم کرنے کے لئے حکومت سے بات چیت ہو رہی ہے اور جلد ہی ستر کے قریب لیپ ٹاپ فراہم کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ ترقی پسندانہ سوچ کے مالک ہیں اور وہ ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے اقدام اور اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں۔

انہوں نے تعلیمی دوروں کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ طلباء صوبے اور وفاق کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے۔

اے پی پی/وسیم/ شاہ زیب

وی این ایس