قو می اسمبلی میں قانون سازی کا عمل تیز کرنے کے لئے اسپیکر اسد قیصر متحرک

235

اسلام آباد ،11 دسمبر(اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں قانون سازی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں سے باقاعدہ رابطوں کا آغاز کر دیا ہے

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر قومی اسمبلی کی کارروائی بہتر طریقے سے چلانے اور قانون سازی کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لئے متحرک ہوگئے ہیں ،پہلے مرحلے میں حکومتی رہنمائوں  سے رابطوں کا آغاز  بھی کردیا ۔ پارلیمنٹ ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں  وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی، وفاقی وزیر قانون و انصاف فروغ نسیم، وزیر امورکشمیر علی امین گنڈاپور، وزیرمملکت پارلیمانی امور علی محمد خان، ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری، ملک محمد عامر ڈوگر اور پارلیمانی سیکرٹری قانون و انصاف ملیکاعلی بخاری نے شرکت کی۔

اس  موقع پر گفتگو کرتے ہوئے  اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عوام نے ہمیں اپنے مسائل حل کرنے کے لیے ایوان تک پہنچایا ہے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے قانون سازی ایک واحد ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحثیت اسپیکر قومی اسمبلی میری یہ آئینی ذمہ داری ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو قانون سازی کے عمل کوفوری اور موثر بنانے کے لیے پل کا کردارادا کروں

     اسپیکر نے وزراء کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن جمہوریت کا حسن ہیں اور اس حسن میں اُس وقت نکھار پیدا ہو جاتا ہے جب عوام اور ملک کے مفاد کی خاطر ان کی سوچ ایک ہو جائے۔

 

اے پی پی /صائمہ/شاہ زیب

وی این ایس اسلام آباد