وزیر اطلاعات کی پارلیمینٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

252

اسلام آباد، 11 دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد نے کہا ہے کہ تمام وزارتوں نے اپنے اخراجات میں خاطر خواہ کمی کی ہے اس سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں تمام وزارتوں کی بریفنگ مکمل ہو چکی، پاکستان کی تاریخ میں یہ نئی روایت ہے.

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مدینہ کی ریاست کے تخیل پر کام کر رہے ہیں، ان کی مخلصانہ کوششوں پر شک نہیں کیا جا سکتا۔ ماضی میں وزیر بننے کے بعد صرف مراعات سے لطف اندوز ہوا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وزراء کی کارکردگی  پر بریفنگ لے کر نئی روایت ڈالی ہے۔ وزیراعظم کو تحریری طور پر کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔  وزیراعظم نے وزارتوں کی تبدیلی پر کوئی عندیہ نہیں دیا.

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے اپنا آخری الیکشن لڑ لیا ہے اور ہمیں کوئی سیاسی چیلنج کا سامنا نہیں ہے۔ عمران خان کی وزیراعظم بننے تک 22 سال کی جدوجہد ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کفایت شعاری کی مہم کا آغاز کیا، ماضی میں وزراء کے علاج پر 4،4کروڑ روپے خرچ ہوتے رہے۔ نواز شریف کو سرکاری علاج کرانے کی کیا ضرورت تھی۔ جاتی عمرہ میں ایک اینٹ بھی ذاتی پیسوں سے نہیں لگائی گئی۔ پنجاب ہاؤس میں چائے بھی حکومتی خزانے سے پلائی جاتی تھی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں گورننس اور معیشت کا چیلنج درپیش ہے، یہ چیلنجز ہمیں گزشتہ حکومتوں سے ورثے میں ملےہیں۔ 70ہزار سے زائد افراد کی آمدن 2لاکھ سے زائد ہے۔

اے پی پی/ناہید/فرح

وی این ایس اسلام آباد