پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان ، 100 انڈیکس39160.60 پوائنٹس کی سطح پر بند

279

اسلام آباد ، دسمبر 03(اے پی پی): پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار میں شدید منفی رجحان دیکھاگیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس1335.43 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ39160.60 پوائنٹس پر بند ہوا۔

بازار حصص میں آج کاروبار کے آغاز سے ہی منفی زون میں چلا گیا اورسرمایہ کار غیر یقینی صورتحال کا شکار نظر آئے جس کے باعث کاروبار میں شدید مندی رہی اور اختتام تک   استحکام پیدا نہیں ہوا۔ دن کا آغاز 40 ہزار 4 سو 96 پوائنٹس کے ساتھ ہوا تاہم اس میں تیزی سے تنزلی ہوئی اور ایک موقع پر 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی ۔ دوسرے سیشن میں بھی 100 انڈیکس سنبھل نہ سکا اور مزید 1400 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے باعث انڈیکس 39 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے بھی نیچے چلاگیا اور انڈیکس دوران ٹریڈنگ چھ ہفتوں کے کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔

آج کے ایس ای 30 انڈیکس 619.96  پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 18,704.08 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس883.36 پوائنٹس کی کمی سے 28,498.33 پوائنٹس پر بند ہوا۔

آج مجموعی طور پر 364 کمپنیوں کا روبار ہوا جس میں سے 39کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 313 میں کمی اور 12کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

مارکیٹ میں آج 16کروڑ 43 لاکھ سے زائد شیئرزکا کاروبار 06 ارب 54کروڑ روپے سے زائد میں ہوا جبکہ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 78کھرب 25 ارب 70 کروڑ 49لاکھ 30ہزار  سے 581 زائد رہا جبکہ کاروبار کے لحاظ سے بی او پنجاب، کے الیکٹرک اور لوٹے کیمیکل سرفہرست رہے۔

آج پنجاب آئل اور واہ نوبل کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ نیسلے پاکستان اور پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔

اے پی پی / سعیدہ / نیوز ڈیسک

وی این ایس اسلام آباد