ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان مختصر دورہ پاکستان کے بعد واپس وطن  روانہ

66

 

اسلام آباد،06 جنوری(اے پی پی): ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان پاکستان کے دورے کے بعد واپس روانہ ہو گئے ہیں۔نور خان ائیر بیس پر معزز مہمان کو پرنسپل انفارمیشن افسر میاں جہانگیر نے دورے کا یادگاری البم پیش کیا جبکہ وفاقی وزراء اور اعلی حکام نے ابوظبی کے ولی عہد کو الوداع کیا۔

اس سےقبل آج صبح جب ابوظبی کے ولی عہد پاکستان پہنچے تو نور خان ایئر بیس پر وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اعلی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ معزز مہمان کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی،دورے کے دوران گزرگاہوں  کے دونوں اطراف دونوں ملکوں کے پرچم اور خیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے تھےجو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی اور مثالی تعلقات کی بھر پور عکاسی کرتے ہیں، استقبالیہ میں روایتی رقص بھی پیش کئے گئے جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی ثقافت کے دلکش مناظر نمایاں تھے۔

واضح رہے کہ ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان نے اس سے قبل جنوری دو ہزار سات  میں پاکستان کا دورہ کیا تھا،پاکستان اور امارات کی قیادت کے درمیان تین ماہ میں ہونے والی یہ تیسرا اعلی سطح رابطہ ہے۔

اے پی پی /وسیم/حامد

سورس:وی این ایس اسلام آباد