خیبر پختونخواہ میں سیاحت کی بے پناہ استعداد موجود ،مزید سیاحوں کو راغب کرنے کی کوشش کریں گے: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

45

پشاور، 18 جنوری (اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے میں سیاحت کی بے پناہ استعداد موجود ہے ہم زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کی کوشش کرینگے۔

ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے وفد کو ورلڈ ایکسپو دوبئی2020 میں بھرپور انداز میں شرکت کرنے اور خیبر پختونخوا کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے اعلیٰ سطح کا وفد جلد ابوظہبی بھیجنے کابھی عندیہ دیا۔ وزیراعلیٰ نے ابوظہبی چیمبر آف کامرس کی طرف سے صوبے کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری لانے کیلئے تعاون کی پیشکش کاشکریہ ادا کیا ۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر نیاز احمد خان نے پاکستان میں معاشی بحران کے خاتمے کیلئے مجوزہ فارمولے پر بریفنگ دی اور بتایا کہ فارمولے پر عمل درآمد کی صورت میں 30 دن کے اندر معاشی منظر نامہ یکسر تبدیل ہوسکتا ہے، 50 لاکھ مفت ملازمتیں فراہم کی جاسکتی ہیں ،پورے سال کے بجٹ کی ضروریات پوری ہوسکتی ہیں، ہر چیز کی قیمت آدھی ہوسکتی ہے۔ اسکے علاوہ تمام ٹیکس ،ڈیوٹیز ختم کی جاسکتی ہیں، یہ ایک زیرو رسک فارمولہ ہے جس کیلئے حکومت کو پیسہ خرچ نہیں کرنا پڑیگا ۔

وزیراعلیٰ نے پاکستان میں معاشی انقلاب کیلئے تجویز کئے گئے فارمولے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان میں اس فارمولے پر عمل درآمد کے سلسلے میں بنیادی فیصلہ وفاقی حکومت کر سکتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ اس معیشت دوست پیغام اور فارمولے کو وفاقی سطح پر پیش کرنے میں تعاون کرینگے اور فیڈ بیک لے کر آگاہ بھی کرینگے، ہم دلچسپی لینے والی کمپنیوں کو انکی ضرورت کے مطابق تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے پر بھی کام کر سکتے ہیں۔

اے پی پی/صائمہ حیات خان/شاہ زیب

وی این ایس پشاور