دوہزارانیس معاشی تکمیل کا سال ہو گا:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

0
73

منگلا/پوٹھا، 12 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ 2018ء سیاسی تکمیل کا سال تھا جس میں عمران خان وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہوئے، اب 2019ء معاشی تکمیل کا سال ہو گا جب ملک معاشی اعتبار سے اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو گا-

اپنے آبائی حلقہ میرپور منگلا روڈ پر چوہدری ظہیر آف پوٹھا اور چوہدری خالد آف بڑل کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی تارکین وطن بینکنگ چینل کے ذریعے اپنے پیسے پاکستان بھجوائیں، حوالہ یا ہنڈی سے بھجوائے گئے پیسوں کا فائدہ ملک کو نہیں ہو گا، وزیراعظم عمران خان نے پارٹی اور حکومت کے اندر واضح کیا کہ بدعنوانی پر کوئی سودے بازی نہیں ہو گی، احتساب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، اسی لئے اپوزیشن کی چیخیں نکل رہی ہیں، جہلم والوں نے ملک کی طرح مافیا کو شکست دی ۔

انھوں نےمزید   کہا کہ ہم نے اپنا سیاسی سفر عمران خان کو وزیراعظم بنا کر مکمل کیا، اس سے قبل ملک میں نواز شریف اور زرداری مافیا بیٹھا تھا، جنہوں نے کاغذی کمپنیاں بنا کر لوٹ مار کی، ان کی سات نسلوں میں کسی نے کام نہیں کیا، یہ کاغذی کمپنیاں کمیشن کے لئے تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن برطانیہ میں حسن نواز اور حسین نواز کی جائیدادوں سے آگاہ ہیں، یہ لوگ یہاں آ کر معصوم سا منہ بنا کر کہتے ہیں کہ ہم پاکستان کے شہری نہیں ہیں، میں ان سے پوچھتا ہوں کہ کیا یہ ملکہ الزبتھ کے رشتہ دار ہیں، کیا یہ صرف پیسے بنانے آتے ہیں۔

اے پی پی / عمار برلاس/حامد

سورس : وی این ایس