سابق حکومت 18 ارب ڈالر کا خسارہ چھوڑ کر گئی ،دوست ممالک کے آسان شرائط پر قرضہ نے معیشت کو استحکام دیا: شفقت محمود

57

لاہور۔12 جنوری(اے پی پی )وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ سابق حکومت کو کوئی ملک قرضہ دینے کے لیے تیار نہیں تھا اور وہ 18 ارب ڈالر کا خسارہ چھوڑ کر گئی ، پی ٹی آئی کی حکومت کو آئی ایم یف کے پاس جانے سے پہلے ہی دوست ممالک نے آسان شرائط پر قرضہ دیا جس سے معیشت کو استحکام ملا۔

نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں گریجویٹس کے ڈگری ایوارڈنگ شو کے سلسلے میں لگائی گئی نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار نے نیشنل کالج آف آرٹس کی نمائش کوعمدہ اور معیاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ این سی اے ہمارا قومی ورثہ ہے اور یہاں سے اعلیٰ معیار کے پینٹرز نکلتے ہیں ،شہر کے وسط میں واقع ہونے کے باعث کالج کو کچھ مسائل درپیش ہیں جن میں جگہ کی کمی کا بھی مسئلہ ہے جس کے لئے انہیں اراضی دی جائے گی جبکہ کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے۔

ایک سوال پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہاکہ ہماری حکومت پائیدار اور مضبوط ہے ،مسائل چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے کچھ وقت تو لگے گا ، عوام نے ہمیں پانچ سال کا مینڈیت دیا ہے جس پر ہم پور ا اتریں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے مزید  کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے باہر سے امپورٹ کی گئی ادویات پر دس سے پندرہ فیصد ٹیکس عائد گیا گیا ہے اور اس سے مقامی ادویات کی قیمتوں پر فرق نہیں پڑے گا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے نیشنل کالج آف آرٹس میں لگائی گئی نمائش کا افتتاح کیا ، انہوں نے کالج گیلری میں طلبہ و طالبات کی طرف سے لگائی گئی نمائش کو دلچسپی کے ساتھ دیکھا اور سراہا،اس موقع پر کالج اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اے پی پی /لاہور/حامد

سورس:وی این ایس لاہور