سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے ملک سے غربت کا خاتمہ حکومت کی  اولین ترجیح ہے: وزیر خزانہ

263

 

کراچی، 12 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح تجارتی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے ملک سے غربت کا خاتمہ اور سماجی و اقتصادی ترقی کرنی ہے۔حکومت کاروبار کے لیے ساز گار ماحول کی دستیابی کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کا دل ہے۔معیشت کا پہیہ نجی شعبہ اور  سرمایہ کار لاتا ہے،  کاروبار کے لیے ساز گار ماحول کی فراہمی کے لیے ماہانہ حکومتی  اجلاس ہوتے ہیں اور وزیراعظم عمران خان ان اجلاسوں کی خود صدارت کرتے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پانچ ماہ میں جتنے بھی فیصلے کیے ان میں معاشرے کے مستحق طبقے کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے، کمزور طبقہ کے بجائے صاحب حیثیت افراد پر بوجھ ڈالا گیا۔سرمایہ کاری سے برآمدات میں اضافہ ہو گا اورروزگار کے نئے مواقع اور اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کھپت پر مبنی معیشت سے بچت اور سرمایہ کاری میں کمی آئی۔پچھلے سال تجارتی خسارہ خطرناک حد تک تجاوز کرگیا تھا۔ ہم نے خطے میں تجارت کے فروغ کو باقاعدہ ترجیح بنا کر کام کرنا ہے۔مشرقی ایشیا نے علاقائی تجارت کو فروغ دے کر ایک ارب سے زائد لوگوں کو غربت سے نکالا جبکہ جنوبی ایشیا نے علاقائی تجارت میں  پیش رفت نہ کی۔پاکستان اور ترکی نے تزویراتی اقتصادی فریم ورک بنانے پر اتفاق کیا ہے، افغانستان اور ایران کے ساتھ بھی ایسے تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات بنانا چاہتے ہیں۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ 23جنوری کو آنے والے فنانس بل میں سٹاک مارکیٹ کے لیے بھی اچھی خبر ہو گئی۔سیلز ٹیکس ریفنڈ کا ایک تہائی کیش جبکہ دو تہائی کے انسٹرومنٹ جاری کریں گے،15 فروری تک انسٹرومنٹ جاری ہوجائیں گے۔ہماری حکومت میں معاشی اداروں میں پیشہ ور افراد بھرتی کیے جا رہے ہیں۔

اے پی پی/سعیدہ/رضوان

سورس: وی این ایس  کراچی