سی پیک کے منصوبے پاکستان کی پائیدار ترقی کے سفر میں اہمیت کے حامل ہیں:وزیراعلیٰ پنجاب

57

لاہور10 جنوری (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پاک چین معاشی تعلقات کی نئی جہتوں پر کام شروع ہو چکا ہے سی پیک کے منصوبے پاکستان کی پائیدار ترقی کے سفر میں اہمیت کے حامل ہیں۔

وزیراعلیٰ آفس میں چین کے سفیریاؤجنگ سے ملاقات میں گفتگو  کرتے ہوئے  وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ملک ہے،نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک چین دوستی کا نیا باب رقم ہو رہا ہے۔پنجاب حکومت نئے سپیشل اکنامک زونز قائم کر رہی ہے سپیشل اکنامک زونز میں چینی سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولتیں دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین معاشی تعلقات کو پبلک پرائیویٹ شراکت داری سے عروج ملے گا سماجی شعبوں کی پائیدار ترقی ہماری حکومت کی ترجیح ہے سماجی شعبوں میں چین کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر بھی رابطے مضبوط کریں گے سی پیک کی نئی جہتوں کو سامنے رکھ کر مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کریں گے توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبو ں میں چین کی معاونت خوش آئند ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کا سپیشل اکنامک زونز کے قیام کا اقدام قابل تعریف ہے،سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے پاک چین معاشی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے فروغ سے دونو ں ملکوں کو فائدہ پہنچے گا سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔

اے پی پی /لاہور/حامد

سورس:وی این ایس  لاہور