مسلم لیگ ن کی کرپشن کے احتساب کیلئے مجھے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی رکنیت دی جائے: وزیرریلوے شیخ رشید

49

لاہور،جنوری 12 (اے پی پی): وزیرریلوے شیخ رشید نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی رکنیت لینے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو رکنیت کے لیے خط لکھوں گا اور پی اے سی میں (ن) لیگ کی کرپشن  کا احتساب میں کروں گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر ریلوے نے ایک بار پھر چیئرمین پی اے سی کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ دودھ کی رکھوالی پر بلے کو نہیں بٹھایاجاسکتا، جس کے خلاف 121 کیس ہوں اسے شرم نہیں آتی کہ وہ دوسروں کا احتساب کرے۔

ان کا کہنا تھا2019 پاکستان کی ترقی کا سال ہے، اپوزیشن جو کہہ رہی ہے وہ کہتی رہے گی، بھٹو اور شریف خاندان کا کوئی مستقبل نہیں، مجھے ڈر ہے کہیں بلاول ان کی زد میں نہ آ جائے۔ انہوں نے کہا ٹرینوں میں صفائی کی شکایات پر نوٹس لیا ہے، روہڑی اسٹیشن میں نیا پلیٹ فارم بنانے جا رہے ہیں، بغیر ٹکٹ سفر کرنیوالوں کے خلاف کارروائی ہوگی، اسٹیشنوں پر ریلوے پولیس ٹکٹ چیک کرے گی، نان سٹاپ ٹرینوں سے دو ہفتے میں 10 کروڑ منافع ہوا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ 15 دن بعد تمام ریلوے اسٹیشنز پر پولیس کو بھی ٹکٹ چیک کرنے کا اختیار ہوگا، ریلوے سروس استعمال کرنے والوں کیلئے گفٹ اسکیم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اے  پی پی/لاہور/حامد

سورس:وی این  ایس لاہور