وزیر اعظم کی ہاؤسنگ پراجیکٹ کی پیش رفت سے عوام کو مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت

231

اسلام آباد، 18جنوری(اے پی پی ):وزیرِ اعظم عمران خان نے  نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پراجیکٹ کی پیش رفت سے عوام کو مسلسل آگاہ رکھا جائے۔

اجلاس  میں وزیرِ اعظم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں کیے جانے والے قانونی اور انتظامی اقدامات کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کا کام تقریباً مکمل کیا جا چکا ہے۔ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا بل ٹاسک فورس اور وزارتِ قانون کی منظوری سے حتمی شکل اختیار کر چکا ہے۔ گھروں کی خرید کے لئے فنانسنگ کا ماڈل اور اس ضمن  میں ٹیکس رعایات کا کام تکمیل کے حتمی مراحل میں ہے جس کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔ لاہور اور اسلام آباد میں پچیس ہزار ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا کر دیا جائے

وزیرِ اعظم کو فورکلوژر لاز کے حوالے سے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا جبکہ وزیر اعظم نے  ہدایت کی  کہ اٹارنی جنرل کی معاونت سے فورکلوژر لاز کو حتمی شکل دی جائے۔

اجلاس میں بیرون ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کی رہنمائی اور معاونت کے لئے بورڈ آف انویسٹمنٹ میں ہاؤسنگ پراجیکٹ کے لئے خصوصی  سیل کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں  صوبائی وزارء میاں محمود الرشید، علیم خان، چیئرمین ہاؤسنگ ٹاسک فورس ضیغم نقوی، سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر عمران زیب خان و دیگر افسران بھی شریک تھے۔

اے پی پی /حمزہ/حامد

وی این ایس اسلام آباد