وفاقی محتسب کے بارے میں عام لوگوں کی آگاہی کیلئے ملک گیر مہم چلائی جائے گی: وفاقی محتسب سید طاہر شہباز

37

لاہور11 جنوری(اے پی پی ):وفاقی محتسب سید طاہر شہباز نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب کے بارے میں عام لوگوں کی آگاہی کیلئے ملک گیر مہم چلائی جائے گی اور  سہ ماہی سیمینار کرائے جائیں گے۔

وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ،ریجنل آفس لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی محتسب سید طاہر شہباز نے کہا کہ آگاہی کے سلسلے میں پہلا سیمینار مارچ میں ایوان صدر میں ہوگا جس کی صدارت صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کریں گے اور بعدازاں چاروں صوبوں کے گورنر ہاؤسز میں سیمینار کرائے جائیں گے ان میں بھی صدر مملکت شرکت کریں گے،شکایات کے اندراج اور جلد ازالے کیلئے عنقریب موبائل ایپ متعارف کرائی جا رہی ہے۔

سید طاہر شہباز  نے کہا کہ وفاقی محتسب نے وفاقی اداروں کے خلاف 2018ء کے دوران 70713 سے زائد شکایات کے فیصلے کئے اور تمام فیصلے صرف ساٹھ دن کے اندر کئے گئے جن میں سے 99 فیصد فیصلوں پر عملدرآمد بھی ہو گیا ہے،صرف ایک فیصد فیصلوں کے خلاف نظرثانی کی اپیلیں کی گئیں،99 فیصد فیصلوں کو اداروں اور شکایات کنندگان نے قبول کیا۔

وفاقی محتسب نے کہا کہ 2018ء میں بچوں کے خلاف 240 شکایات موصول ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ قصور میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کو مانیٹر کرنے کیلئے ایک خصوصی سینٹر بنایا گیا ہے جہاں ڈاکٹر ٗ ماہر نفسیات ٗ کنسلٹنٹس اور بچوں کے امور کے ماہرین شامل ہیں۔ انہوں نے ہا کہ ان واقعات کی روک تھام کیلئے سول سوسائٹی ٗ میڈیا اور علماء کرام سمیت معاشرے کے تمام افراد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

 

ے پی پی /لاہور/حامد

سورس:وی این ایس لاہور