ملک سے پولیو کے خاتمے کا نظر ثانی منصوبہ حتمی منظوری کے لیے ایکنک کوبھجوا دیا گیا

42

اسلام آباد، جنوری 10 ( اے پی پی): ملک سے  پولیو کے خاتمےکے حوالے سے 986 ملین ڈالرز کی لاگت کا نظر ثانی  منصوبہ حتمی منظوری کے لیے ایکنک کوبھجوا دیا گیاہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات خسرو بختیار نے کہا کہ  منصوبہ کا  مقصد ملک سے پولیو کے  خاتمہ کو یقینی بنانا ہے۔پولیو کا خاتمہ حکومت  کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔

سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن و وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار  کی زیر صدارت آج پلاننگ کمیشن میں منعقد ہوا جس میں آبی وسائل ، انفارمیشن ٹیکنالوجی  اور  صحت سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے۔

اجلاس میں  وفاقی وزیر نے کہا کہ  پولیو خاتمہ  کے منصوبے کی ہم آہنگی اور عمل درامد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ۔ اجلاس میں منصوبے کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک بھجوا دیا گیا ۔  واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں اس منصوبے کو عبوری منظوری دی گئی تھی۔ نظرثانی شدہ تین سالہ منصوبے کی لاگت 347 ملین ڈالر ہے۔

وزارت آبی وسائل  کی جانب سے 46555.29  ملین روپے کی لاگت کا نظر ثانی شدہ منصوبہ نئی گج ڈیم پیش کیا گیا ۔ نئی گج ڈیم  منصوبہ صوبہ سندھ میں آبنوشی و آبپاشی میں معاون ثابت ہو گا ۔ جس پر سیکرٹری منصوبہ بندی ظفر حسن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت وزارت آبی وسائل کے  ساتھ مل کر اس منصوبے پر عملدر آمد کو یقینی بنائے ۔ اجلاس نے نئی گج ڈیم منصوبے کو  بھی حتمی منظوری کے لیے ایکنک بھجوا دیا ۔

سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں حکومت پنجاب کی جانب سے  پنجاب پولیس کے لیے ایک مربوط کمانڈ  ، کنٹرول اور مواصلات کا مرکز بنانے کے لیے 17520.408 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا ، جسے اجلاس نے مزید منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا ۔

اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن  ،  وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی ۔

اے پی پی/ سعیدہ/حامد