پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کا غیر قانونی کاسمیٹکس و دیگر اشیاء کیخلاف آپریشن

38

لاہور،11 جنوری (اے پی پی ):پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی(پی ایس کیو سی اے) نے غیر معیاری، غیر قانونی اور بغیر لائسنس کاسمیٹکس اور دیگر اشیاء خوردونوش کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے عبدالعلیم میمن کی ہدایت پر شعبہ سٹینڈرڈ ڈویلپمنٹ سنٹر لاہور زون کی خصوصی ٹاسک فورس نے ڈپٹی ڈائریکٹر اصغر علی کی سربراہی میں گزشتہ روزرائیونڈ روڈ اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ کیا اور لائسنس نے ہونے کے باوجود پاکستان سٹینڈرڈز کا لوگو غیر قانونی طور پر استعمال کرنے کی بناء پر معروف چائے کی کمپنی کا بھاری مقدار میں تیارمال ضبط کر لیا، دوسری کارروائی میں مصالحہ جات کے مشہور برانڈ کی فیکٹری میں چھاپہ مار کر بغیر لائسنس تیار کیا جانیوالا آئیوڈائزڈ نمک کا بھاری مقدار میں تیار سٹاک ضبط کر لیا گیا۔جبکہ تیسری کارروائی میں ٹیم نے بغیر لائسنس کام کرنیواے سرسوں کے تیل کا یونٹ بھی سیل کر دیا ہے۔

دوران کریک ڈاؤن سپر سٹورز پر فروخت کی جانیوالی غیر معیاری اور بغیر لائسننس کاسمیٹکس مصنوعات کا بھاری سٹاک ضبط کر لیا گیا ہے جبکہ بڑے سٹورز سے غیر معیاری کاسمیٹکس(کریمیں، شیمپو، صابن )اور دیگر روز مرہ ضرورت کی اشیاء کا سٹاک اٹھوا دیاگیا ہے۔

پی ایس کیو سی اے گوجرانوالہ کی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر اسد کرمانی کی سربراہی میں فیصل آباد کی ٹیم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذکاء اللہ جبکہ بہاولپور کی ٹیم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عاقب علی کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے بڑے سٹورز میں فروخت کیلئے رکھا گیا غیر قانونی کاسمیٹکس اور دیگر مصنوعات کا سٹاک بھی اٹھوا کر سٹورز مالکان کو فروخت سے روک دیا۔

ڈائریکٹر جنرل عبدالعلیم میمن کا کہنا ہے کہ اب صرف پی ایس کیو سی اے کے لائسنس یافتہ برانڈز ہی فروخت کئے جاسکیں گے،غیر قانونی طور پر کام کرنیوالی مصنوعات فروخت کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائیگی۔

اے پی پی /لاہور/حامد

سورس:وی این ایس لاہور