کھیلوں کی ترقی سے متعلق ٹاسک فورس نے اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کردیں

293

اسلام آباد، 09جنوری(اے پی پی):وزیر اعظم  عمران خان نے کہا ہے کہ کھیلوں کے شعبے میں ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ سیاسی مداخلت، بدانتظامی، سہولتوں کے فقدان اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر پاکستان سپورٹس کے میدان میں پیچھے رہ گیا ہے۔

کھیلوں سے متعلق  ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں   کھیلوں کے میدان سمیت مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی اور مقابلے کی فضا  کو فروغ دے کر نوجوان نسل کے ٹیلنٹ کو اجاگر کیا جا ئے گا۔

ٹاسک فورس کی جانب سے وزیرِ اعظم کو پاکستان میں سپورٹس کے ہر شعبے میں زبوں حالی، وجوہات اور ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے سفارشات پیش کی گئیں  جبکہ کرکٹ، ہاکی، اسکواش سمیت تمام کھیلوں کے حوالے سے متعلقہ تنظیموں کی کارکردگی کا مفصل جائزہ بھی  لیا گیا۔

اجلا س میں ملک بھر میں موجود سپورٹس بورڈز کی تشکیل نو  اور کھیلوں  کے احیاء اور سپورٹس کے میدان میں بین الاقوامی سطح پرملک کا نام روشن کرنے کے لئے نیا تنظیمی ڈھانچہ متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا، وزیرِ دفاع پرویز خٹک، معاون خصوصی نعیم الحق، معاون خصوصی افتخار درانی، چیئرمین پی سی بی احسان مانی و دیگر شریک تھے

اے پی پی /بابر/حامد

سورس:وی این ایس اسلام آباد