سعودی شہر الاحساء سال 2019 کیلئے  عرب سیاحت کا  دارالحکومت منتخب، ثقافتی میلہ کا انعقاد

295

سعو دی عرب(الاحساء ) ،14جنوری(اے پی پی):عرب وزرا کونسل کی جانب سے سعودی عرب کے شہر الاحساء کو سال 2019 کے لئے عرب سیاحت کے دارلحکومت کے طور  پر منتخب کر لیا گیا ہے جس پر مقامی شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ثقافتی میلہ سجا لیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں ملکی وغیر ملکی افراد نے بھرپور شرکت کی۔

الاحساء تاریخی اور قومی ورثے کا حامل شہر ہے جس میں سیاحوں کے دیکھنے کے لئے بے شمار تاریخی مقامات موجود ہیں ،سیاحت کے دارالحکومت کا اعزاز ملنے پر مقامی لوگوں نے تین روزہ ثقافتی میلے کا انعقاد کیا جس میں روایتی میوزیکل دھنیں بجائی گئیں جبکہ گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا اورسعودی نوجوانوں نے روایتی رقص بھی پیش کیا اس کے علاوہ ثقافتی میلے میں ہاتھ سے بنی عرب تہذیب کی دستکاریاں اور عرب ثقافت سے متعلق باقی اشیاء کے سٹال بھی لگائے گئے تھے اس کے علاوہ الاحساء کی مقامی خواتین اور مرد آرٹسٹ نے پینٹنگز بھی کیں اور رنگوں کے ذریعے پرانی عمارتوں کے عکس بنائے اور دیگر پوٹریٹ بھی بنائے اور حاضرین سے خوب داد بھی وصول کی مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ سیاحت کو فروغ دینے میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے اور دنیا بھر کے سیاحوں کو الاحساء آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

اے پی پی/امیر محمد/نیوز ڈیسک

سورس:وی این ایس   الاحساء