سعودی وزیر توانائی خالدبن عبدالعزیز پانچ رکنی وفدکے ہمراہ ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچ گئے

284

گوادر،12 جنوری(اے پی پی):سعودی وزیر توانائی خالدبن عبدالعزیز پانچ رکنی وفدکے ہمراہ ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچ گئے۔گوادر ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور صوبائی وزیر اطلاعات ظہوربلیدی اور اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔ گوادر پورٹ فری زون کے بزنس کمپلکس میں سعودی وفد کو  بریفنگ دی گئی ، سعودی وفد نے گوادرمیں سرمایہ کاری میں  گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور کا کہنا تھا اگلے ماہ آئل ریفائنری کے معاہدے پر دستخط ہونے سے سعودی عرب سی پیک  کا حصہ بن  جائیگا۔سعودی عرب کے سی پیک میں شمولیت سے سی پیک کی اہمیت میں مزیداضافہ ہوگا جس سے گوادر سمیت خطے کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی ۔

وفاقی ایڈیشنل سیکرٹری پٹرولیم نے وفد کو بتایا کہ پاکستان یومیہ 61ملین بیرل تیل برآمد کررہا ہے پاکستان میں ایگریکلچر میں بھی سرمایہ کاری کےوسیع مواقع ہیں دوسرے شعبوں میں بھی سعودی عرب کا تعاون آنے والے دنوں میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

اس موقع پرسعودی وزیر توانائی خالد بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں جن کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں،بادشاہ کی خواہش پر آیا ہوں انکی دلچسپی ہے کہ پاکستان پرامن اور ترقی یافتہ ملک بن جائے۔کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے امن سب سے زیادہ ضروری ہے،سعودی عرب اور پاکستان امن کے اہم ستون ہیں اورپاکستان سعودی ایک دوسرے کے دل کے قریب ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔

چائنہ اوورسیزپورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین زونگ باؤ ژنگ کا کہنا تھا کہ ہم گوادرمیں پرامن اور دوستانہ ماحول میں آزادانہ طور کام کررہے ہیں۔

اے پی پی/ عمّار برلاس/حامد