سعودی پاکستانی مشترکہ تجارتی مشن کا 2روزہ اجلاس، دو طرفہ تجارت بڑھانے پر تبادلہ خیال

469

جدہ،14جنوری(اے پی پی ):جدہ میں سعودی پاکستانی مشترکہ تجارتی مشن کا 2روزہ اجلاس ھوا۔

جس میں 36 پاکستانی اور 80 سعودی غذائی اور تعمیراتی کمپنیوں کے  نمائندوں نے  دو طرفہ تجارت بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا ۔

سعودی برآمدی فروغ اتھارٹی (سیڈا) میں ہونے والے اجلاس کی  افتتاحی تقریب سے  خطاب میں سیڈا کے سیکرٹری جنرل صالح السلمی  نے دو طرفہ تجارت کے بارے میں تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ  اس میں اضافہ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے ویژن 2030 کے تحت تیل کے  علاوہ دوسرے شعبوں میں برآمدات بڑھانے  کے سعودی اقدامات کا ذکر بھی  کیا اور کہا  کہ سعودی عرب نے اس میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے اور اسی ویژن کے تحت پاکستان کے  صنعت کاروں اور تاجروں کو دعوت دی گئی ہے۔ پاکستان، وسطی ایشیائی ممالک تک سعودی برآمدات براہ راست پہنچانے  کا ایک اہم راستہ ہے جبکہ دیگر راستوں سے پہنچنا  مشکل اور مہنگا ہے۔

وائس چیئرمین جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  زیاد البسام  نے پاکستانی وفد کا خیر مقدم کیا، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے میدان میں  ممکنہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے  کی ضرورت پر زور دیا۔

شہزاد احمد، کمرشل قونصل  پاکستان قونصلیٹ جدہ نے اس مشترکہ تجارتی مشن کے انعقاد کے لئے سعودی برآمدی فروغ اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے طویل مدتی اور پائیدار تعلقات کو فروغ دینے کیلئے جائنٹ وینچرز کی ضرورت پر زور دیا۔

سعودی فروغ  برآمدی اتھارٹی  کی دعوت پر سعودی عرب میں  موجود پاکستانی کاروباری وفد کل (15 جنوری) کو  مختلف فیکٹریوں کے دورہ بھی کریں گے۔

اے پی پی /امیر محمد/حامد

سورس:وی این ایس  جدہ