ملک کو ہر سال 50ارب روپے کی گیس چوری کا سامنا ہے : وزیر اطلاعات چوہدری فواد

218

اسلام آباد،10 جنوری(اے پی پی):وزیر اطلاعات چوہدری فواد نے کہا ہے کہ ملک کو ہر سال 50ارب روپے کی گیس چوری کا سامنا ہے جس  کے خاتمے   کیلئے اقدامات کیے جا رہے  ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعدوزیر منصوبہ بندی مخدوم خسروبختیار کے ساتھ میڈیا بریفنگ  دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں 28فیصد عوام کو سسٹم گیس فراہم کی جا رہی ہے جبکہ 63فیصد عوام ایل پی جی  استعمال کرتے ہیں۔

چوہدری فواد نے کہا کہ ماضی میں وزیراعظم ہاؤس میں 95ہزار یونٹس بجلی استعمال ہوتی رہی جبکہ اب صرف 43ہزار یونٹس تک بجلی استعمال ہو رہی ہے۔

وزیر اطلاعات  کا کہنا تھا کہ وزارت قانون کو 48گھنٹے میں منفی کیٹگری کی لسٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی، کابینہ نے ای سی سی کے یکم جنوری کے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے ۔ائر مارشل ارشد ملک کو قائمقام چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے تعینات  کیا گیا ہے جبکہ سیکرٹری ایوی ایشن  شاہ رخ  کو ڈی جی کااضافی چارج دیا گیا ہے ۔

انھوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے اندرکاروبارکے مواقع وسیع کرنا چاہتےہیں،وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔یو اے ای کے ساتھ  پینے کے صاف پانی کے پلانٹ پر معاہدہ کیا گیا ہے ۔

اس موقع پہ بات کرتے ہوئے مخدوم خسروبختیار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں مہنگائی کا بے بنیاد واویلا کررہی ہیں ،پی پی پی دور میں افراط زر میں 11.2فیصد اضافہ ہوا۔ماضی کی حکومتوں کے پہلے مالی سال مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا۔

انھوں نے مزید کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو مارکیٹ قیمتوں کے بارے میں مسلسل آگاہ رکھا جائے جبکہ حکومت نے مہنگائی کا بوجھ  عوام پر نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اے پی پی/ناہید /حامد

سورس:وی  این ایس اسلام آباد