پاک سعودی مشترکہ تجارتی مشن کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط

258

جدہ ،18 جنوری (اے پی پی): پاک سعودی مشترکہ تجارتی مشن کے کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے مل کر کام کر نے کیلئے مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
پاک سعودی مشترکہ تجارتی مشن کے اختتام پر جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان کے پانچ چیمبرز کے درمیان مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ جدہ چیمبر کی جانب سے نائب چیئرمین جدہ چیمبر جناب مازن محمد ابراہیم بترجی اور وائس چیئرمین جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری زیاد البسام نے یاداشتوں پر دستخط کئے، جبکہ پاکستان کی جانب سے چیمبروں کے متعلقہ صدور نے دستخط کیے۔ان میں کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، اور خیبر پختونخواہ اور ہری پور کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شامل ہیں۔
مفاہمتی یاداشت کے تحت یہ چیمبرز سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے مل کر کام کریں گے جبکہ تاجروں کو سہولت فراہم کرنے، معلومات کے تبادلے اور دونوں ممالک میں کاروبار کرنے میں آسانی کے لئے باہمی سہولیات کے حوالے سے فوکل پوائنٹس کے طور پر کام کریں گے۔
اس سےقبل پاک سعودی مشترکہ تجارتی مشن نے جدہ میں 13 اور 14 جنوری کو ملاقات کی تھی۔سعودی برآمداتی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام ہونے والے اجلاسوں میں 36 پاکستانی اور 80 سعودی غذائی اور تعمیراتی کمپنیوں نے شرکت کی۔کمیشن کا مقصد دو طرفہ تجارتی روابط بڑھانے اور نئے تجارتی امکانات پر غور کرنا تھا۔

اے پی پی /امیر محمد خان /نائلہ

وی این ایس، جدہ