یونیورسٹی آف لاہور نے مردوں کی پانچویں آل پاکستان ایچ ای سی انٹرورسٹی سکی چیمپئن شپ جیت لی

280

نلتر18 جنوری (اے پی پی):مردوں کی پانچویں آل پاکستان ایچ ای سی انٹرورسٹی سکی چیمپئن شپ یونیورسٹی آف لاہور نے جیت لی جبکہ پنجاب یونیورسٹی نے دوسری پوزیشن حاصل کی، قراقرم یونیورسٹی ، گلگت بلتستان ان مقابلوں میں تیسرے نمبر پر رہی۔

پی اے ایف سکی ریزورٹ نلتر میں منعقدہ چیمپئن شپ میں پاکستان کی 08 یونیورسٹیوں کے24 اسکیئرز نے سلالم اور جائنٹ سلالم کیٹیگریز میں حصہ لیا۔ تین دن تک جاری رہنے والے ان مقابلوں کو تماشائیوں اورسکی سے محبت کرنے والوں کی ایک بڑی تعدادنے دیکھا۔

چیمپئن شپ کی تقسیم انعامات کی تقریب میں انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ثناء اللہ عباسی مہمان خصوصی تھے۔ یہ مقابلے پہلی مرتبہ پی اے ایف سکی ریزورٹ نلتر میں منعقد ہوئے جبکہ اس سے قبل یہ چیمپئن شپ پی اے ایف بیس کالا باغ میں منعقد ہوتی تھی۔

پاک فضائیہ کے زیر اہتمام ونٹر سپورٹس فیدریشن آف پاکستان ملک میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ نوجوانوں کو اس صحتمندانہ اور پرجوش کھیل کی طرف زیادہ سے زیادہ راغب کرنے سے نہ صرف ملک میں نیا ٹیلنٹ پروان چڑھے گا بلکہ علاقے میں سیاحت کو بھی مزید فروغ حاصل ہوگا۔

اے پی پی /حمزہ رحمٰن/حامد

وی این ایس نلتر